۲۹ اپریل تا یکم مئی ۲۰۱۵، سان فرانسسکو میں جاری رہنے والی مائکروسوفٹ بلڈ ڈویلپر کانفرنس میں مائکروسوفٹ نے مستقبل قریب میں پیش کی جانے والی ونڈوز ۱۰ کے بارے میں نئی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ذاتی معاون (پرسنل اسسٹنٹ) کورٹانا (Cortana) کی مزید بہتر اور نئی صلاحیتوں اور نئے ویب براؤزر سے مزین یہ نیا آپریٹنگ سسٹم پرسنل کمپیوٹروں، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، فون اور دیگر اشیا پر چلنے کے قابل ہوگا۔
مائکروسوفٹ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ جو بیلفیور (Joe Belfiore) نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ مائکروسوفٹ اب کے موسمِ گرما میں ونڈوز ۱۰ کے اجرا کا ارادہ رکھتا ہے، لیکن آغاز میں یہ صرف پرسنل کمپیوٹروں تک محدود ہوگی؛ چوں کہ ونڈوز فون ۸ء۱ بھی ونڈوز ۸ء۱ کے بعد جاری ہوئی تھی۔ دیگر آلات پر ونڈوز ۱۰ کی دست یابی بعد ازاں ممکن ہوگی۔
مائکروسوفٹ ایج
کیا آپ جانتے ہیں کہ صارفین کی بڑی تعداد کی جانب سے مائکروسوفٹ کے قدیم ویب براؤزر، انٹرنیٹ ایکسپلورر (Internet Explorer) کو خیرباد کہہ دیے جانے کے بعد آخر کار مائکروسوفٹ نے بھی اُسے الوداع کردیا ہے؟ جی ہاں، ونڈوز ۱۰ اب ایک بالکل نئے ویب براؤزر کے ساتھ جلوہ گر ہوگی جسے بالآخر ’’مائکروسوفٹ ایج‘‘ (Microsoft Edge) کا نام دے دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے اسے پروجیکٹ اسپارٹن (Project Spartan) کے نام سے جانا جا رہا تھا۔ یہ اپنے پیشرو کے مقابلے میں سادہ اور زیادہ لمس دوست (Touch-Friendly) ہے۔ صارفین اس پر کھولے جانے والے ویب صفحات پر نشانات لگانے کے بھی قابل ہوں گے جنھیں کورٹانا اپنے پاس محفوظ کرلے گا۔ سب سے بڑھ کر کہ یہ دو ٹکڑوں میں بٹا ہوا نظر نہیں آئے گا جیسا کہ ونڈوز ۸/ ۸ء۱ میں انٹرنیٹ ایکسپلورر کے ساتھ مسئلہ درپیش تھا۔
نیا ویب براؤزر جاری کرنے کا بنیادی مقصد اس کی کارکردگی ہے اور مائکروسوفٹ کا دعوا ہے کہ ابتدائی جانچوں (ٹیسٹ) میں مائکروسوفٹ ایج نے اس وقت کے سرِ فہرست براؤزر گوگل کروم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ لیکن اگر آپ اس اُمید یا خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ آپ اس نئے نویلے براؤزر کے مزے او ایس یا اینڈروئیڈ پر بھی لوٹ سکیں گے تو باز رہیے۔ کم از کم فی الحال مائکروسوفٹ کا اس براؤزر کو دیگر پلیٹ فارم پر بھی پیش کرنے کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
کورٹانا اب پہلے سے زیادہ ہوشیار
گزشتہ سال بلڈ کانفرنس میں کورٹانا کی تقریبِ رونمائی سے لے کر اب تک اس ذاتی معاون (یعنی پرسنل اسسٹنٹ) نے کافی کچھ نیا سیکھا ہے اور اب ونڈوز ۱۰ میں یہ بہت کچھ نیا کرنے کو تیار ہے۔ کورٹانا ونڈوز ۱۰ کے نئے اسٹارٹ منیو میں موجود ہوگی اور ایپس یا گیم چلانے کے قابل ہوگی۔
ایج براؤزر میں، کورٹانا مزید ہوشیاری اور عقل مندی سے کام کرے گی۔ مثال کے طور پر، جب آپ کسی ریٹیلر ویب سائٹ پر جائیں گے تو ایڈریس بار میں کورٹانا کا متحرک آئکن ظاہر ہوگا جو آپ کو کوپن تجاویز دے گا۔ اسی طرح فون پر بھی کورٹانا مزید کام انجام دینے کے قابل ہوگی، کیوں کہ اب یہ پہلے سے کہیں زیادہ ایپس کے ساتھ منسلک ہے۔ مائکروسوفٹ کا کہنا ہے کہ ۵۰۰ سے زائد ایپس پہلے ہی کورٹانا کے ساتھ جڑ چکی ہیں اور ڈویلپر اب کورٹانا کو مزید گہرائی کے ساتھ اپنی ایپس سے جوڑ سکیں گے۔
آپ کے کیلنڈر یا ای میل میں کسی وقوعے (ایونٹ) کی موجودگی کی صورت میں کورٹانا آپ کو بر وقت یاد دہانی کروائے گی۔
خدوخال کی واپسی
ونڈوز ۱۰ کی آمد کے ساتھ کئی ایسے خدوخال (فیچرز) کی واپسی بھی ہوگی جو ونڈوز ۸ خاندان سے غائب تھے اور صارفین کو ان کی عدم موجودگی سے متعلق شدید شکایات تھیں۔ انھی میں اسٹارٹ منیو، ونڈوز (دریچوں) کا سائز طے کرنے کی سہولت، اور ایرو گلاس (اسٹارٹ منیو کو ٹرانسپیرنٹ کرنے کے ایفکٹ) کی واپسی شامل ہے۔
دیگر
گوگل ناؤ (Google Now) کی طرز پر ایک نئی مقفل (lock) اسکرین متعارف کروائی گئی ہے۔
ڈویلپر بہت جلد آؤٹ لک ڈاٹ کام (outlook.com) کے لیے ایڈ ان (add-ins) تیار کرنے کے قابل ہوں گے جس کی مدد سے ادارے اس سروس کا اپنا ورژن تیار کرنے کے قابل ہوجائیں گے اور متعدد ایپلی کیشنوں کے استعمال سے جان چھوٹ جائے گی۔
فون اور ٹیبلٹ کے لیے دستیاب کونٹینم کی مدد سے اُن کا ڈسپلے کمپیوٹر اسکرین پر دیکھا جاسکے گا اور اگر کوئی ایپ یا گیم سپورٹ کرتا ہو تو پوری اسکرین پر اُس کے استعمال سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ صرف یہی نہیں، کونٹینم متعدد ڈیسک ٹاپس سے نمٹنے کے علاوہ بھی بہت کچھ کرنے کے قابل ہے۔
ونڈوز ۱۰، ونڈوز کا آخری ورژن
مائکروسوفٹ بلڈ ڈویلپر کانفرنس کے بعد، مائکروسوفٹ اگنائٹ کانفرنس کے دوران یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ونڈوز ۱۰، ونڈوز کا آخری ورژن ہوگا اور اس کے بعد ونڈوز کا کوئی نیا ورژن الگ سے جاری نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، ونڈوز کی اپڈیٹس جاری ہوتی رہیں گی اور انھی اپڈیٹس کے ذریعے ونڈوز کو مزید بہتر بنایا جاتا رہے گا۔ گویا، اب مائکروسوفٹ نے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے لیے لینکس کی چند رولنگ ریلیز ڈسٹروز جیسا طریقۂ کار اپنا لیا ہے۔ مائکروسوفٹ پر تجزیے کی کمپنی ’’گارٹنر‘‘ میں تحقیق پر مامور نائب صدر اسٹیو کلین ہینس کا کہنا ہے کہ اب ونڈوز ۱۱ نہیں آئے گی۔ اسٹیو کلین ہینس نے یہ وضاحت بھی کی کہ ونڈوز کا اگلا ورژن جاری نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ ونڈوز ایک ہی جگہ رک جائے گی، بل کہ اس کے برعکس ونڈوز کے اپڈیٹس جلد از جلد جاری کیے جائیں گے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ونڈوز ۱۰ کس قیمت پر سامنے آتی ہے!
یہ تحریر میشیبل پر شائع ہونے والے مضمون Windows 10: All the new stuff، اور بی بی سی اُردو کی خبر ’’ونڈوز ۱۰ کے بعد کوئی نیا ورژن نہیں آئے گا‘‘ کی تلخیص ہے۔
تصاویر بشکریہ:مائیکروسافٹ
تصاویر بشکریہ:مائیکروسافٹ
0 comments :
Post a Comment